گوپال گنج، 17؍اگست؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بہار کے گوپال گنج ضلع کے پانچ تھانہ علاقوں میں کل سے آج تک مشکوک حالات میں 12لوگوں کی موت ہو گئی۔خدشہ ہے کہ کچھ کی موت زہریلی شراب پینے سے ہوئی ہے۔ایک بیمار شخص کا علاج ضلع صدر اسپتال میں جاری ہے۔ضلع مجسٹریٹ راہل کمار نے بتایا کہ ابھی تک 12لوگوں کی موت ہوئی ہے لیکن کسی کی میڈیکل رپورٹ نہیں ہے۔جن لوگوں کی موت ہوئی ہے ان میں پانچ کی لاشیں کسی طرح پوسٹ مارٹم کے لیے منگوائی گئی ہیں کیونکہ میت کے لواحقین لاش کو انتظامیہ کے سپرد نہیں کر رہے تھے۔پوسٹ مارٹم رپورٹ حاصل ہونے پر موت کی وجوہات کا پتہ چل سکے گا۔باقی 7دیگر ہلاک شدگان کی ان کے اہل خانہ نے کل صبح آخری رسومات اداکر کر دی تھی ۔کمار نے بتایا کہ ان تمام لوگوں کی موت کل صبح پانچ بجے سے آج صبح پانچ بجے کے درمیان ضلع کے مانجھا، تھاوے، یادوپور ، سدھولیا اور شہر تھانہ علاقوں میں ہوئی ہے۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا اس کی وجہ زہریلی شراب ہے؟ ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ کچھ کے اہل خانہ نے مانا ہے کہ شراب پینے سے موت ہوئی ہے جبکہ کچھ مرنے والوں کے اہل خانہ نے تحریری طور پر بتایا ہے کہ شراب پینے سے موت نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ اہل خانہ کے بیان لیے جانے کے ساتھ ہی چھاپہ ماری بھی جاری ہے۔مرنے والوں کے الگ الگ تھانہ علاقے سے ہونے کی وجہ سے ایسا نہیں لگتا کہ سب کی موت کی وجہ ایک ہو گی ۔انہوں نے بتایا کہ ایک دوسرے شخص کے بھی بیمار ہونے کی اطلاع ملی ہے جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم بھیجی گئی ہے۔